نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ، بھائی جاںبحق
تقریب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھی۔
لاہور کے معروف اور پوش علاقے ڈیفنس میں نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملک اسد کھوکھر کا بھائی ملک مبشر کھوکھر جاںبحق اور ایک شخص محمد عمر زخمی ہوا ہے۔
تقریب میں صوبائی وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی شریک تھے۔
تفصیلات کے مطابق جب وزیراعلیٰ تقریب سے جانے لگے تو ملک اسد اور ان کا بھائی وزیراعلیٰ کو باہر چھوڑنے آئے تو باہر پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی۔ وزیراعلیٰ کی موجودگی میں یہ واقعہ پیش آیا۔ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی کے افراد نے ملزم کو فوری طور قابو کرلیا۔
ملزم کا نام ناظم ہے اور اس نے اپنے ابتدائی بیان نے کہا کہ گذشتہ سال مقتول ملک مبشر کھوکھر نے اس کے چچا کو قتل کروایا تھا جس کا آج میں نے بدلہ لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
وزیراعلیٰ بزدار نے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی کہ وہ سکیورٹی میں موجود نقائص اور ذمہ داران کا تعین کرے کہ ایک مسلح شخص وزیراعلیٰ کی گاڑی کے پاس کیسے پہنچ گیا۔
0 تبصرے