![]() |
کراچی۔ موسلادھار بارش سے ٹریفک کی رکاوٹ ۔فائل فوٹو |
کراچی: جمعہ کے روز شہر قائد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے سڑکیں سمندر کا حصہ معلوم ہونے لگ گئی اور شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گلستان جوہر کے علاقے میں گرج چمک کے ساتھ بہت تیز بارش ہوئی جب کہ موسمیات، شیر شاہ، سائیٹ، سپرہائی وے، ٹاور، ڈیفنس، یونیورسٹی روڈ، ایئرپورٹ ،ملیر،لانڈھی، سعدی ٹائون، نارتھ ناظم آباد،شاہراہ فیصل، نیپا چورنگی، کلفٹن، ایم۔اے جناح روڈ، مزار قائد، حسن اسکوائر،گلشن اقبال ،کورنگی، مہران ٹائون، محمود آباد،صدر اوردیگرعلاقوں میں بارش ہوئی۔
بارش کی وجہ سے حسب معمول شہر کے بہت سارے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ سڑکوں پر پانی کی وجہ سے ٹریفک رک گئی جس کی وجہ سے گھروں سے نکلنے والے لوگ پھنس کر رہ گئے۔
مرکزی شاہراہ فیصل پر پانی جمع ہے اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے جس سے لوگوں کو سفر کرنے میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔ شاہراہ پاکستان پر بھی بارش کا پانی جمع ہے اور ٹریفک کے لیے بند ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی کا کہنا ہے کہ شہر اس وقت ہرطرف سے بادلوں کی لپیٹ میں ہے، شہرمیں مزید ایک سے دوگھنٹے بارش ہونے کا امکان ہے۔ اگربارش تواترسے ہوتی رہی تو کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ سمندرمیں بننے والا ایک بادل ماس کا رخ کراچی کی طرف ہے اور ہوا کا کم دباؤ جوسمندر میں جنوب مشرق میں موجود تھا اس نے شدت اختیارکرلی ہے جس سے کراچی میں مزید بارش ہوسکتی ہے۔
کے الیکٹرک اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ شہر میں مسلسل بارش کی وجہ سے کچھ فیڈر حفاظتی نقطہ نظر سے بند کیے گئے ہیں۔
بارش کی وجہ سے آج امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔ تمام نجی سکول بند ہیں۔ اکثر پرائیویٹ سیکٹرز نے اپنے دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
0 تبصرے